نابلس،2اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا): قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کو علی الصباح شمال مغربی کنارے کے شہر نابلس میں حماس کے قائدین، کارکنوں سمیت تنظیم کے متعدد حامیوں کو بلاامتیاز گرفتاری مہم کے دروان حراست میں لے لیا ہے۔نابلس سے نمائندے نے بتایا کہ اسرائیل بدھ کی صبح نماز فجر کے بعد قابض اسرائیلی فوج نے شمالی نابلس کی عصیرہ نامی میونسپلٹی پر دھاوا بولا اور رکن فلسطینی مجلس قانون ساز حسنی البورینی سمیت مناضل سعادہ، الشیخ خرار حمادنہ اور ادھم الشولی کو گرفتار کر لیا۔ تمام افراد اس سے پہلے بھی اسرائیلی جیل کاٹ چکے ہیں اور حال ہی میں رہا ہوئے تھے۔
نابلس ہی کی شمال مشرقی بلدیہ طلورہ پر بھی اسرائیلی فوج نے دھاوا بولا اور وہاں سے الشیخ عمر دراوشہ اور ریاض یوسف صلاحات نامی استاد کو گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی نابلس کی قریوت میونسپلٹی سے محمد طارق عودہ اور اسلام محمد مجلی عیسی کو گرفتار کر لیا۔اسرائیلی فوج نے جنوب مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کے مختلف علاقوں میں بھی بدھ کی صبح ایسی ہی گرفتاریاں کرتے ہوئے چار نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج نے بیت لحم کے علاقے وادی شاہین پر ہلہ بولا اور وہاں سے نوجوانوں کے ساتھ جھڑپ کے بعد مالک سویلم اور بکر نواورہ کو گرفتار کر لیا۔ نامہ نگار کا مزید کہنا تھا کہ قابض فوج نے مصب محمد العمور نامی نوجوان کے تقوع میونسپلٹی میں واقع گھر پر چھاپے کے دوران اسے گرفتار کر لیا۔